سری نگر،25؍اگست (ایس او نیوز؍ایجنسی) شمالی ضلع بارہمولہ کے سوپور میں ایک مسلح تصادم کے دوران سکیورٹی فورسز نے تین ملی ٹنٹوں کو ہلاک کیا ہے۔ کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار کا کہنا ہے کہ سوپور میں تین ملی ٹنٹوں کی ہلاکت کے ساتھ رواں برس میں اب تک مارے جانے والے ملی ٹنٹوں کی تعداد 100 سے تجاوز کر گئی ہے۔
جموں و کشمیر پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ضلع بارہمولہ کے سوپور میں منگل کو ہونے والے ایک مسلح تصادم کے دوران تین ملی ٹنٹوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ 'مہلوک ملی ٹنٹوں کی شناخت معلوم کی جا رہی ہے نیز علاقے میں آپریشن جاری ہے'۔ اس دوران کشمیر زون پولیس کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر آئی جی پی وجے کمار کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ جموں و کشمیر پولیس، فوج، سی آر پی ایف اور کشمیری عوام کی مشترکہ کوششوں سے وادی کشمیر میں رواں سال اب تک 100 سے زیادہ ملی ٹنٹوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سوپور میں ملی ٹنٹوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر جموں و کشمیر پولیس، فوج کی راشٹریہ رائفلز اور سی آر پی ایف نے منگل کی صبح مذکورہ علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایک مشتبہ جگہ کی جانب پیش قدمی کے دوران وہاں موجود ملی ٹنٹوں نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے درمیان باضابطہ طور تصادم شروع ہوا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ محاصرے میں پھنسنے والے ملی ٹنٹوں کو خودسپردگی اختیار کرنے کی پیشکش کی گئی جو انہوں نے مسترد کر دی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آخری اطلاعات ملنے تک مسلح تصادم میں تین ملی ٹنٹوں کو مارا جا چکا تھا جن کی لاشیں برآمد کی گئی ہیں۔